(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ نے پنجاب حکومت کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی غرض سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے شہر کے 9 زونز کی لسٹ تیار کرلی۔
حکومت پنجاب نے تجاوزات مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر تجاوزات مافیا کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے، الٹی میٹم ختم ہونے پر باقی تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن اور قانونی کارروائی کا آغاز منگل سے ہو گا۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رافعہ حیدر کی زیر صدارت تجاوزات کے خلاف ایکشن پلان کے لئے اہم اجلاس ہوا۔
— Deputy Commissioner Lahore (@DCLahore) December 17, 2023
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ شہر کے تمام 9 زونز میں اہم شاہراہوں کی لسٹ تیار کر لی گئی ہے،ریگولیشن ونگ کا 240 رکنی خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دے دیا گیا،14 ٹرکوں اور دیگر مشینری کو انسداد تجاوزات آپریشن کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انسداد تجاوزات آپریشن اسسٹنٹ کمشنرز، ایس پیز، ٹریفک پولیس اور بلدیہ عظمیٰ افسران کی نگرانی میں ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ راوی زون کی مختلف شاہراہوں شاہدرہ موڑ، امامیہ کالونی،داتا گنج بخش زون میں پیر مکی،مال روڈ اور اسلام پورہ بازار،سمن آباد زون میں ایل او ایس، چوبرجی اور یتیم خانہ کے علاقوں میں آپریشن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال زون میں ملتان روڈ اور رائیونڈ روڈ ،نشتر زون میں قینچی تا کاہنہ نو، شنگھائی پل سے بندیاں والا پُل اور اڈا پلاٹ رائیونڈ روڈ کے علاقے میں انسداد تجاوزات آپریشن ہوگا۔
رافعہ حیدر نے کہا کہ گلبرگ زون میں علامہ اقبال روڈ، ایمپرس روڈ اور حاجی کیمپ،عزیز بھٹی زون میں دھرمپورہ سے ہربنس پورہ کے علاقے،شالامار زون میں جی ٹی روڈ کپ سٹور تا سکھ نہر اورشالیمار لنک روڈ،جبکہ واہگہ زون میں جی ٹی روڈ دروغہ والا تا جلو موڑ اور نواز شریف انٹرچینج تا بیدیاں روڈ کے علاقے لسٹ میں شامل ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر لاہور کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات مافیا کو قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے تجاوزات از خود ختم کرنےکا موقع دیا جارہا ہے،مہلت کے خاتمے پر سخت قانونی کارروائی اور ایکشن کا آغاز کیا جائے گا،ناجائز تجاوزات کی پشت پناہی والے عناصر کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔