(لاہور نیوز) کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شاہدرہ چوک، راوی بریج توسیعی منصوبہ اور کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ کا دورہ کیا۔
کمشنر و ڈی جی نے تمام منصوبوں پر رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ شاہدرہ چوک کے اطراف کی سڑکوں پر اسفالٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے لاہور سے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سڑکوں پر اسفالٹ چند روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
کمشنر و ڈی جی نے راوی بریج توسیعی منصوبے پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا جہاں بتایا گیا کہ منصوبے کے 96 گرڈرز کی تیاری کا عمل کاسٹنگ یارڈ میں جاری ہے۔ پائل ورک کیا جا رہا ہے۔ کمشنر لاہور نے منصوبے کی دونوں شفٹوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ دریائے راوی کے دونوں اطراف کام بلاتعطل چوبیس گھنٹے جاری ہے۔
بعدازاں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ سگیاں تا بابو صابو اور نیازی چوک تا سگیاں دونوں پیکجز پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ دونوں پیکجز کے کنٹریکٹر کو پینلز کی انسٹالیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ منصوبے سے منسلک 9 سب ویز پر ابھی تک کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔