(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیس میں پرائیویٹ دفاتر کو ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق کیس پر جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت مختلف محکموں نے عملدرآمد رپورٹس پیش کیں۔
عدالت میں ڈپٹی کمشنر کے وکیل نے بتایا کہ10بجے کاروبار بند نہ کرنے والے 36 کیفے اور ریسٹورنٹس سربمہر کئے گئے اور جرمانہ بھی کیا گیا۔ مالکان نے کیفے اور ریسٹورنٹس ڈی سیل کر دئیے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ بیان حلفی جمع نہ کرانے والے کیفے اور ریسٹورنٹس ڈی سیل کرنے والے مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔
عدالت نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو باور کرایا کہ عدالتی حکم تھا کہ ہفتے کے روز سکول بند رکھے جائیں۔ ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کریں لیکن حکومت نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا۔ عدالت نے پرائیویٹ دفاتر میں ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کا حکم دے دیا۔ پنجاب حکومت کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
سرکاری وکیل نے کینال روڈ پر خشک درختوں کو کاٹ کر نئے سرسبز درخت لگانے کی اجازت مانگی جس پر عدالت نے اجازت دے دی۔