(ویب ڈیسک) پاکستان کی ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ پریزیڈنٹ ٹرافی کے آغاز سے چار روز قبل ایک اہم ڈیپارٹمنٹ سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ملک میں ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کے بعد 8 ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل پریزیڈنٹ ٹرافی 16 دسمبر سے شروع ہونا تھی۔
ایونٹ کیلئے ڈراز میں ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی ، واپڈا، کے آر ایل، پی ٹی وی، ایچ ای سی ، سٹیٹ بینک اور غنی گلاس کی ٹیمیں شامل تھیں لیکن ایونٹ کے آغازسے چار روز قبل ایس ایس جی سی نے ایونٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کرلیا ہے اور پی سی بی کو اس سے زبانی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے ٹورنامنٹ کی مکمل تیاری کرلی تھی، پلیئرز کو سائن بھی کرلیا تھا لیکن ادارے کے اعلیٰ حکام نے آخری لمحات میں ٹیم جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔
پی سی بی کے دو اعلیٰ عہدیداران نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے انہیں ذبانی طور پر فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے تاہم وہ تحریری آگاہی کے منتظر ہیں جس کے بعد ٹورنامنٹ کے نئے ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔
سوٹی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بھی ٹیم کی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت ترجیح گیس کی فراہمی ہے، کھیلوں کی سرگرمی محدود کی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ سے ٹیم دستبردار کی ہے۔
ایس ایس جی سی کی دستبرداری کے بعد اب پریزیڈنٹ ٹرافی میں 7 ٹیموں کے درمیان مقابلے کا ہی امکان ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیشنل بینک، کے پی ٹی اور پورٹ قاسم بھی ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں ۔