(لاہور نیوز)آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 27 دہشتگرد مارے گئے جبکہ دہشتگردوں کے حملے میں23 جوان بھی جام شہادت نوش کرگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 11اور 12 دسمبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس دوران کل 27 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشتگردی کی کئی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 دہشتگردوں نے دربان کےعلاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، دہشت گردوں نےبارودسے بھری گاڑی چیک پوسٹ سےٹکرادی، حملےکے بعد خودکش حملہ آورنےبھی خودکو اڑادیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23سکیورٹی اہلکارشہید ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگرد خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔