(لاہور نیوز) کینال روڈ انڈر پاسز کو خوشنما بنانے کے منصوبے پر کمشنر لاہور کی 30 دسمبر تک کی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد کروانا مشکل ہو گیا۔
کینال روڈ انڈر پاسز کی بیوٹیفکیشن کا کام 15 جنوری تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ٹیپا نے شہر کے 9 انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا کام بیک وقت شروع کر دیا۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا کام 30 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔ لاہور نیوز انڈر پاسز کی اب تک کی پراگریس رپورٹ سامنے لے آیا۔
کینال روڈ کے 9 انڈر پاسز پر بیوٹیفکیشن کا کام 30 دسمبر تک مکمل نہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لئے انڈر پاسز پر دن کے اوقات میں تعمیراتی کام متاثر ہوا۔ بروقت فنڈز کا نہ ملنا بھی انڈر پاسز کی تزئین و آرائش میں رکاوٹ ہے۔ دن رات کام ہونے کے سبب کینال روڈ پر ٹریفک روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
9 انڈر پاسز کو خوبصورت بنانے کے لئے 25 کروڑ 76 لاکھ 14 ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے۔ جیل روڈ انڈر پاس کا 75 فیصد، مال روڈ 68 فیصد اور فیروز پور روڈ پر 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ جناح ہسپتال 70 فیصد، نیو کیمپس اور مسلم ٹاؤن انڈر پاس میں 65 فیصد کام مکمل جبکہ ڈاکٹرز ہسپتال انڈر پاس میں 68 فیصد ،ایف سی کالج 63 فیصد اور ہربنس پورہ پر 59 فیصد کام ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینال روڈ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا کام 15 جنوری تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔