پی ٹی آئی قائد کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کا دعویٰ جھوٹ ہے: عون چودھری
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عون چودھری نے کہا ہے کہ قائد پی ٹی آئی کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنےکا دعویٰ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
سائفر کیس کی سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کو نکاح سے قبل نہیں دیکھا تھا جس پر اب قائد پی ٹی آئی کے سابق قریبی دوست عون چودھری نے بانی پی ٹی آئی کے دعوے کو جھوٹ قرار دیا ہے۔
عون چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم بشریٰ بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار نکاح سے پہلے ملے اور گھنٹوں ملاقات کرتے رہے، قائد پی ٹی آئی بشریٰ بی بی سے نکاح سے پہلے درجنوں بار ملے اور دیکھا بھی تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود پی ٹی آئی قائد کو بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے لے کر جاتا رہا، پرانے تعلق کا لحاظ رکھ رہا ہوں ورنہ ایسے راز کھولوں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا گند دنیا کے سامنے آجائے اور انہیں شرم سے سر چھپانے کی جگہ نہ ملے۔
عون چودھری کا کہنا تھا کہ قوم کا لیڈر خود جھوٹ بولے تو میرا فرض ہے کہ سچ سامنے لاؤں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ پرمبنی ہے، اللہ کاشکر ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔