ڈاکٹرز کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کی اجازت نہ دینے پر عدالت برہم
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ز کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کو لبرٹی پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس عاصم حفیظ نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے ڈاکٹرز کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی اجازت نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر سیاسی جماعت کو اجازت دی جا سکتی ہے تو پھر ڈاکٹرز کو کیوں نہیں؟
عدالت نے کل دوپہر دو بجے ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی سی لاہور کو طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ پی ایم اے نے ایڈووکیٹ اشتیاق چودھری کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، درخواست میں نگران پنجاب حکومت ،ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے لبرٹی چوک پر 5 دسمبر کو احتجاج کی اجازت طلب کی، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پی ایم اے کو احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بطور مسلم ملک فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنی چاہیے، احتجاج کی اجازت نہ دینا بدنیتی پر مبنی ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے احتجاج کی اجازت دے۔