28 Nov 2023
(لاہور نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ ن و سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے صوبہ خیبرپختونخوا پارٹی کے صدر انجینئر امیر مقام اور جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے ملاقات کی۔
سابق وزیر اعظم کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے انجینئر امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا، شہباز شریف نے مشکل حالات میں پارٹی کو خیبرپختونخوا میں منظم رکھنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارٹی کے صدر شہباز شریف کو آنے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے صوبہ بھر کے تمام حلقوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص خیبرپختونخوا میں پارٹی امور اور آنے والے عام انتخابات میں دوسری جماعتوں کیساتھ اتحاد پر غور کیا گیا۔