(لاہور نیوز) لیسکو انتظامیہ نے صارفین کی سہولیات کو پس پشت ڈال دیا، افسران میٹنگز میں مصروف جبکہ صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو میں 77 ہزار سے زائد نئے کنکشنز التوا کا شکار ہیں، لیسکو کے پاس میٹر موجود ہیں نہ ہی افسران اور سٹاف کے پاس صارفین کے مسائل سننے کا وقت ہے،نیو کنکشنز اور خراب میٹرز کی تبدیلی کے لیے صارفین خوار ہو کر رہ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو فیلڈ افسران نے صارفین کی بات سننا ہی چھوڑ دی ہے، لیسکو کے کسٹمر سروسز سینٹرز سے بھی سٹاف غائب ہے،لیسکو کا عملہ ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے میں مصروف ہے جس کے باعث لیسکو کی کسٹمر سروسز عملی طور پر غیر فعال ہو چکی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لیسکو اعداد و شمار کے مطابق تین ماہ کے دوران 77 ہزار 225 سے زائد نیو کنکشنز التوا کا شکار ہیں، 72680 گھریلو، 3508 کمرشل، 312 انڈسٹریل، 364 زرعی اور 391 نیٹ میٹرنگ کے کنکشنز التوا کا شکار ہیں جبکہ خراب میٹرز کی تعداد بھی پچاس ہزار سے زائد ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو میں میٹرز کے ساتھ سٹاف کی بھی شدید کمی ہے، میٹرز اور سٹاف کی کمی کے ساتھ افسران کا رویہ بھی صارفین کے لیے مشکلات پیدا کررہا ہے، افسران کی جانب سے عوامی سہولیات کے اقدامات کو یکسر نظر انداز کردیا گیاہے۔