کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست، آسٹریلیا چھٹی بار عالمی چیمپئن بن گیا
(لاہور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل ٹاکر میں آسٹریلیا نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر دنیائے کرکٹ پر چھٹی بار حکمرانی قائم کر لی۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے جیت کیلئے دیا گیا 241 رنز کاہدف آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر میچ کے43 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
— Cricket Australia (@CricketAus) November 19, 2023
آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ نے137 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،مارنوس لبوشین 58 اور میکس ویل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 7 ، مچل مارش نے 15 اور سٹیو سمتھ نے 4 رنز بنائے۔
The winning moment#CWC23 #INDvAUS pic.twitter.com/duTWfUCjFM
— ICC (@ICC) November 19, 2023
میزبان بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے دو، محمد سراج اور محمد شامی نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتےہوئے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دیا، بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 47، ویرات کوہلی نے 54 اور کے ایل راہول نے 66 رنز کی اننگ کھیلی، سوریاکمار یادیو 18،کلدیپ یادیو 10 رنز بنا پائے۔
بھارت کی جانب سے 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، اوپنر بلے باز شبمن گل اور شریاس ایر 4،4، رویندرا جدیجا اور محمد سراج 9،9، محمد شامی 6 اور جسپریت بمراہ 1 سکور ہی بنا پائے۔
آسٹریلوی فیلڈرز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ
ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست رہی جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 14 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 9 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم 8 ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلا، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
انعامی رقم
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فائنل جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو بھارت کو 20 لاکھ ڈالرز بطور انعام ملیں گے۔