پی ٹی آئی کے خط کا جواب خط سے دینگے، صدر عہدے کا خیال رکھیں: مرتضیٰ سولنگی
(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے خط کا خط سے جواب دیں گے، صدر عارف علوی کسی ایک جماعت کے صدر نہیں، اپنے آئینی عہدے کا خیال رکھیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی بجلی کا عوام پر بوجھ پڑتا ہے، متبادل توانائی کا ہماری ضرورت میں حصہ بہت کم ہے، ہمیں سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے، 8 فروری کو انتخابات ہوں گے، اگلی پارلیمان اور آئندہ حکومتوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس پالیسی کو جاری رکھیں اور توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دیں، متبادل توانائی کے حوالے سے چین دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے۔
نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں چین نے بھرپور تعاون کیا، مذاکرات اور تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں، شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، شکایات کو سامنے بھی آنا چاہئے، نگران حکومت آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کی اعانت کرے گی، الیکشن کمیشن کی موجودہ قیادت ذمہ دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے دیئے گئے نظام الاوقات پر عمل کر رہا ہے، صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی ایک جماعت کے صدر نہیں ہیں، ہماری ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے آئینی عہدے کی تعظیم کا خیال رکھیں، بہتر ہوگا کہ صدر کسی ایک جماعت کے ترجمان بننے کی بجائے سب کے ترجمان بنیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صدر مملکت کی تعظیم برقرار رہے، نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں۔