شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت پر ایوان اقبال میں پروقار تقریب کا اہتمام
(لاہور نیوز) شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت پر ایوان اقبال میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ مقررین نے علامہ اقبالؒ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
یوم اقبالؒ پر ایوان اقبال میں پروقار تقریب سجائی گئی۔ تقریب کااہتمام اقبال اکیڈمی نے کیا۔ نگران وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ، سینیٹر ولید اقبال سمیت معروف شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے علامہ اقبالؒ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
نگران وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری اور سوچ کو کسی طبقے یا علاقے تک محدود نہیں کیا جا سکتا، اقبال کی شاعری میں جو گہرائی، خوبصورتی اور روانی ہے وہ کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے، علامہ اقبالؒ نوجوانوں کو گیم چینجر سمجھتے تھے،
سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ علامہ اقبالؒ متحرک زندگی کے داعی تھے، ان کا پیغام دنیا کے ہر شخص اور ہر خطے کے لئے ہے۔
تقریب میں اقبال اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالرؤف، ڈاکٹر سلیم راؤ، ڈاکٹر زاہد منیر اور ڈاکٹر خضریٰ تبسم نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے فلسطین کے لئے اقبال کے درد اور سوچ سے آگاہی دی۔