04 Nov 2023
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق تھانہ نواں کوٹ کی حدود سے گمشدہ 7 سالہ بچی تلاش کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی،7 سالہ رحیم فاطمہ گھر کا راستہ بھول گئی تھی، ورثاء کی جانب سے 15 پر بچی کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر ملت پارک سے کمسن بچی ملنے کی کال بھی موصول ہوئی،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر نے دونوں معلومات کا موازنہ کیا،تصدیق کے بعد بچی کو ملت پارک پولیس اسٹیشن کے ذریعے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔
اس حوالے سے ایس پی اویس شفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر اب تک 450 سے زائد گمشدہ افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے، شہری کسی بھی گمشدہ شخص کی اطلاع 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر دیں۔