(لاہور نیوز) مہنگائی کے گھنے بادل چھٹ نہ سکے۔ سبزیاں اور پھل پہنچ سے دور ہیں جبکہ چکن قدرے سستا ہو گیا۔
سبز منڈی انتظامیہ کی سرکاری ریٹ لسٹ میں 9 سبزیوں کے دام بڑھ گئے۔ 10 روپے کے اضافے سے پیاز کی قیمت 115 روپے، مارکیٹ میں درجہ اول خشک پیاز کی فروخت 140 روپے کلو میں جاری ہے۔ ٹماٹر 15 روپے مہنگے ، 140 کی سرکاری قیمت کے برعکس 180 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ لہسن 530 روپے کے بجائے 640 روپے کلو میں دستیاب ہیں۔ میتھی کی سرکاری قیمت 140 روپے کلو مقرر مگر فروخت 190 روپے فی کلو تک ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 145 روپے مگر مارکیٹ میں 200 روپے کلو میں بک رہی ہے۔ مٹر 360 کی سرکاری قیمت کے برعکس 500 روپے فی کلو تک بکنے لگے۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 پھل مہنگے ہو گئے۔ سیب کالا کولو کی قیمت 5 روپے کے اضافے سے 225 روپے کلو مقرر جبکہ مارکیٹ میں 320 روپے کلو تک فروخت جاری ہے۔ انار بدانہ 20 روپے مہنگا، بازار میں 520 کے بجائے 900 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ کھجور ایرانی 535 روپے کے بجائے اوپن مارکیٹ میں 650 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح انگور 335 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 500 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
انڈے مزید ایک روپے مہنگے، فی درجن قیمت 327 روپے مقرر البتہ برائلر 8 روپے کی کمی کیساتھ 471 روپے کلو میں دستیاب ہے۔
شہری کہتے ہیں آمدن کم اور اخراجات مہنگائی کی نذر ہو رہے ہیں۔