(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آئندہ ہفتے سے اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کو انتخابی مہم کا لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کر دی ہے، انتخابی مہم کے تحت قائد مسلم لیگ ن ملک بھر میں عوام کو متحرک کرنے کے لئے جلسے اور کنونشنز کرینگے، سابق وزیراعظم نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کو جلسوں کے شیڈول اور انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی صوبائی تنظیموں کی جانب سے نواز شریف کو اپنے اپنے اضلاع میں پہلے جلسے کرنے کی دعوت دی گئی ہے، پنجاب کی تنظیم کی جانب سے نواز شریف کو قصور میں پہلا جلسہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے، خیبرپختونخوا کی صوبائی تنظیم نے پارٹی قائد کو مانسہرہ میں جلسہ کرنے کی دعوت دی ہے، پارٹی تنظیموں نے جلسوں کے انعقاد کے لئے مقامات، تاریخوں اور دیگر امور پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
لیگی ذرائع نے کہا ہے کہ نواز شریف سندھ اور بلوچستان کے دورے بھی کرینگے، پارٹی قیادت کی جانب سے تمام عہدیداروں، رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے اپنے حلقوں میں فعال رہنے کی ہدایت کی گئی، صدر ن لیگ شہباز شریف، چیف آرگنائزرمریم نواز اور نائب صدر حمزہ شہباز الگ الگ علاقوں میں جلسے کیا کریں گے۔