شہباز شریف کا متاثرہ فلسطینی علاقوں میں ہنگامی طور پر امدادی سامان بھجوانے کا مطالبہ
(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ اور اسرائیلی حملوں سے متاثرہ فلسطینی علاقوں میں امدادی سامان بھجوانے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جبر واستبداد اور ظلم کے نتیجے میں دوہرا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسلامی دنیا کی قیادت عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں پانی اور خوراک بند ہے، بے گناہ بچے، خواتین اور شہری قاتلوں کے نرغے میں ہیں، بڑھتی بے حسی اور بے بسی دنیا کو سنگین نتائج کی طرف دھکیل رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کو بچانے میں ناکامی دنیا کے امن کی ناکامی ہوگی، ایک ایک لمحے کی تاخیر بے گناہوں کی شہادتوں کی صورت نکل رہی ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ محصور فلسطینیوں کیلئے امدادی قافلوں کو اجازت نہ ملنا عالمی اتھارٹی اور قانون کو مذاق بنا رہا ہے، فلسطینی بچوں کے آنسوؤں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، مظلوموں کا لہو بہانے سے ناجائز ریاست کا وجود جائز نہیں ہو گا۔