مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے عالمی منڈیوں تک رسائی پر کام کر رہے ہیں: گوہر اعجاز
(ویب ڈیسک) نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ برآمدات کو بڑھانے کیلئے عالمی منڈیوں تک رسائی پر کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی ایگزم بینک کے صدر سے نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ملاقات کی، ایگزم بینک صدر نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور پاکستان کی معاشی ترقی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور کہا آر ایم بی میں تجارت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اس موقع پر نگران وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے سی پیک اور بی آر آئی کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، پاکستان میں مختلف شہروں میں خصوصی اقتصادی زونز کی تشکیل دی جائے گی، مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے علاقائی ممالک کی منڈیوں تک رسائی پر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ چین کراچی ٹرانزٹ روٹ سے وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، آر ایم بی میں پاک چین تجارت پر بھی بات ہوئی، پاکستان کی کان کنی میں چینی کمپنیوں کو شراکت کی دعوت دی ہے، پاکستان کارپوریٹ کنسورشیم کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔
نگران وزیر تجارت نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری پی سی سی کے تحت کی جائے گی، پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔