(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 147 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی۔
سیکرٹری صحت علی جان خان نے بتایا کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 7,405 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 2996 کنفرم مریض سامنے آئے ہیں جبکہ لاہور میں گزشتہ روز 74 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 1988 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 26 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال ملتان میں ڈینگی کے کل 781 مریض رپورٹ ہوئے، ملتان میں گزشتہ روز 14 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی.
اسی طرح رواں سال گوجرانوالہ میں ڈینگی کے کل 497 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 18 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران فیصل آباد، اٹک، گجرات اور خانیوال میں ڈینگی کے دو دو نئے مریض سامنے آئے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخو پورہ، قصور، مظفرگڑھ، نارووال، سیالکوٹ، ساہیوال اور وہاڑی میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 151 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 66 مریض زیر علاج ہیں ۔
سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔