(لاہورنیوز) سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، یہ ہماری وارننگ ہے کہ ہم کسی بجلی چور کو بخشیں گے نہ سہولت کار کو معاف کیا جائے گا۔
سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف مہم چل رہی ہے، ہمارا آئیڈیا یہ ہے کہ ملک بھر کے جو جو فیڈرز چوری سے پاک ہوں گے وہاں لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائے گی۔
راشد محمود لنگڑیاں نے کہا کہ مردان کی ضلعی انتظامیہ نے بجلی چوری کی روک تھام میں بہت محنت کی، بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، مردان پاکستان کا پہلا شہر ہے جو بجلی چوری سے پاک ہو گیا ہے، محکمے کے ملازم کے ملوث ہوئے بغیر بجلی چوری ناممکن ہے، ہم نے بجلی چوری میں ملوث محکمے کے ملازموں کو بھی گرفتار کیا ہے۔
سیکرٹری پاور ڈویژن نے مزید کہا کہ یہ وارننگ ہے ہم کسی بجلی چور کو بخشیں گے نہ سہولت کار کو، بجلی چوری کے خلاف مہم میں عوام نشاندہی کریں ہم فوری کارروائی کریں گے، جن سرکاری محکموں کے طرف بجلی کے بقایا جات ہیں ان کے بجٹ سے کاٹ لیں گے، بجلی چوری مہم کے دوران ہزار کے قریب نئے میٹرز مردان میں لگائے گئے۔