لاہور :(زین العابدین) ایل ڈی اے کا شعبہ ہاؤسنگ شہریوں کےلئے درد سر بن گیا،شعبہ ہاؤسنگ میں شہریوں کی درخواستوں کے انبار لگ گئے، ایل ڈی اے حکام مقررہ تاریخ پر درخواستوں کو نمٹانے میں ناکام ہوگئے ۔
ایل ڈی اے حکام نے عوامی شکایات دور کرنے کے احکامات پس پشت ڈال دیئے، ایل ڈی اے کاشعبہ ہاؤسنگ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگیا، شعبہ ہاؤسنگ میں شہریوں کی زیر التوا درخواستیں 459 سے تجاوز کر گئیں۔
ایل ڈی اے ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ریونیو بسمہ نے 109 عوامی درخواستوں پر جوابات جمع نہیں کرائے،ڈائریکٹر ہاؤسنگ2 وسیم ظفر نے شہریوں کی 9 درخواستوں کو نہیں نمٹایا۔
اس کے علاوہ ڈائریکٹر ہاؤسنگ4 حمیرا کے پاس 7 درخواستیں زیر التواء ہیں، ڈائریکٹر ہاؤسنگ 5شہباز الحق گھرکی نے 14 درخواستیں لٹکادیں، ڈائریکٹر ہاؤسنگ6 ظفراقبال نے بھی 35 درخواستوں پر کارروائی نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق ایل ڈی اے حکام نے ملکیتی دستاویزات کی تصدیق کے لئے ڈپٹی کمشنر دفتر میں286 درخواستیں بھجوائیں جن پر کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا، شہری مسائل کے حل کے لیے ایل ڈی اے دفاتر میں دھکے کھانے پر مجبورہیں۔