(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔
اپنے ایک بیان میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ نہتے اور محصور فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری جنگی جرائم ہیں، ہسپتالوں، قافلوں، نہتی آبادیوں پر حملے بہادروں اور قانون پر چلنے والی اقوام کا شیوہ نہیں، فلسطینیوں کے قتل عام پر اسلامی دنیا کے عوام میں شدید غم و غصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی قیادت عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے، اسلامی دنیا امن کے قیام، تنازع فلسطین کے منصفانہ حل اور محصور فلسطینیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھ کر کردار ادا کرے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ محصور فلسطینیوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔