(لاہور نیوز) پنجاب میں آشوب چشم کی وبا میں کمی نہ آسکی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سے 142 جبکہ صوبہ بھر سے 2 ہزار 81 نئے مریض سامنے آگئے۔
محکمہ صحت کے مطابق سب سے زیادہ بہاولپور میں355 افراد آشوب چشم کا شکار ہوئے جبکہ فیصل آباد میں 142 اور ڈیرہ غازی خان میں 130 نئے مریضوں میں آشوب چشم کی تصدیق ہوئی۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے،تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس بھی وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آشوبِ چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 روز میں ٹھیک ہو جاتا ہے، شہری آنکھوں کی صفائی کا خیال رکھنے کیساتھ ساتھ،تیز دھوپ اور گرد و غبار سے بھی آنکھوں کو بچائیں۔