(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈر پاس کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کام دیکھے اور دیواروں کا تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیدیاں روڈ انڈر پاس کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے مزید ورکرز اور مشینری تعینات کی جائے، انڈر پاس رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیدیاں روڈ انڈر پاس سے منسلک سوئی گیس لائن کی شفٹنگ کا کام جاری ہے، ہر مرحلہ پر نیسپاک سے کوالٹی رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے، نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار گاڑیاں مستفید ہوں گی۔