کاہنہ:(مدثر حسین) سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی گاڑی کو روک کر احتجاج کرنے والوں کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احتجاجی مظاہرین کے خلاف مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے،مقدمہ میں روڈ بلاک کرنے اور پولیس سے ہاتھ پائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں،مقدمہ میں 4 افراد عبدالحفیظ، افتخار احمد، راؤ ناصر اور احمد علی کو نامزد جبکہ 90 نامعلوم افراد کو رکھا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پرانا کاہنہ میں کچھ افراد نے احتجاجی کیمپ لگایا ہوا تھا،اچانک یہ افراد فیروز پور روڈ پر آ گئے،روڈ پر احتجاج کرنے سے ٹریفک جام ہو گئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
مقدمہ کے متن میں مزید لکھا گیا ہے کہ پولیس نے جب راستہ کلیئر کروانے کی کوشش کی تو مظاہرین نے پولیس کیساتھ مزاحمت کی،پولیس کی بھاری نفری بلانے پر مظاہرین موقع سے غائب ہو گئے۔
تاہم تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔