(لاہور نیوز) لیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آپریشن کے 34 ویں روز 425 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔
انسداد بجلی چوری مہم کے 34 ویں روز لیسکو نے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ 21 کمرشل، ایک زرعی ، ایک انڈسٹریل اور 402 گھریلو کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث کنکشنز منقطع کر دئیے گئے، 6 لاکھ 93 ہزار 164 یونٹ ڈی ٹیکشن بل میں ڈالے گئے، ڈی ٹیکشن بل کی مد میں 3 کروڑ 79 لاکھ 74 ہزار 277 روپے چارج کیے گئے۔
مزنگ میں دو بجلی چوروں کو چار چار لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ شفیق آباد میں بجلی چوری پر صارف کو 3 لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ، چوہنگ میں بجلی چور پر 3 لاکھ 12 ہزار 874 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 34 روز کے دوران 16 ہزار 13 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ اب تک 14 ہزار 569 ایف آئی آرز درج کروائی جا چکی ہیں۔ 5ہزار 50 بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں سے اب تک ایک ارب 49 کروڑ 55 لاکھ 74 ہزار 976 روپے ڈی ٹیکشن بل چارج کیے گئے ہیں۔