(لاہور نیوز) غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی واپسی کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی واپسی کے معاملے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل کی سربراہی میں ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیدی۔ ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی کو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا۔ کمیٹی میں آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ سمیت دیگر افسران بھی شامل ہیں۔
کمیٹی تمام اضلاع کی پولیس اور دیگر اداروں سے رابطے میں رہے گی۔ ہائی پاور مانیٹرنگ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی بریفنگ دے گی۔ کمیٹی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی تارکین وطن کی واپسی سے متعلق اہم آپریشن کی نگرانی کرے گی۔
دوسری جانب غیر قانونی تارکین وطن کی فہرستوں کی تیاری کیلئے بھی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ کمیٹیوں میں پولیس ، سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ، سکیورٹی برانچ ، لوکل گورنمنٹ اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ملازمین شامل ہوں گے۔ کمیٹیاں تارکین وطن سے متعلق 3 کیٹیگریز میں ڈیٹا جمع کرکے محکمہ داخلہ کو بھجوائیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور سے ملحقہ آبادیوں کو چیک کرنے پر 16 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین وطن کا ڈیٹا سامنے آیا ہے۔ 1977 ء سے پہلے جن تارکین وطن نے جائیدادیں خریدیں وہ ضبط نہیں کی جائیں گی۔ غیر قانونی تارکین وطن کو گھر اور دکانیں کرایہ پر دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ حکومتی ہدایات پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز نے بھی تارکین وطن سے متعلق اشتہارات آویزاں کر دئیے ہیں۔