(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ معاشرے میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا، واک میں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، گیسٹ آف آنر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل تھے، ڈاکٹر عباس کھوکھر، پروفیسر وارث فاروق سمیت ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے واک میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے اعدادوشمار انتہائی خطرناک ہیں، ہر 100 میں سے 9 خواتین چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہیں، ہمارے معاشرے میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی ناگزیر ہو چکی ہے، بریسٹ فیڈنگ سے انکار سمجھداری نہیں جہالت ہے۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا کہ کینسر بارے آگاہی اور بروقت تشخیص سے علاج ممکن ہے۔