غیر قانونی تارکین وطن کو 31 اکتوبر کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائیگی: محکمہ داخلہ پنجاب
(لاہور نیوز) غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ داخلہ پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ڈی آئی جی آپریشن محمد وقاص اور ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی عثمان خالد خان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر بھی موجود تھے، اجلاس کے شرکا کو وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں لیگل دستاویزات کے بغیر رہنے والے فارن نیشنلز کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی سے آگاہ کیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب میاں شکیل احمد نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق پی او آر کارڈ نہ رکھنے والے غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد کے زیر صدارت اجلاس میں بذریعہ آن لائن پنجاب بھر کے کمشنرز سے بھی غیر قانونی فارن کے حوالے سے تجاویز لی گئیں۔