(لاہور نیوز) ڈینگی کے ڈنک تیز ہو گئے۔ لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 47 نئے مریض سامنے آ گئے۔
نگران پنجاب حکومت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے میں پر عزم ہے۔ عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں ڈینگی مریضوں کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 47 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ صوبے بھر میں 145 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 1849 جبکہ پنجاب بھر سے 4676 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ راولپنڈی میں 70 ، ملتان میں 10 اور گوجرانوالہ میں 7 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 25 مریض زیر علاج ہیں جبکہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 94 مریض داخل ہیں۔ 24گھنٹوں میں لاہور میں 14 ہزار 586 انڈور چیکنگ، آؤٹ ڈور 3 ہزار 596 جگہوں پر ڈینگی سرویلنس کی گئی۔
کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ 1838 گھروں میں ڈینگی کیس ریسپانس جبکہ 1832 گھروں میں ڈینگی سپرے کیا گیا۔