وزیراعلیٰ پنجاب کا مال روڈ کا دورہ، شاہراہ کو ڈسٹ فری بنانے کے کام کا معائنہ
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ ارکان کے ہمراہ مال روڈ لاہور کا دورہ کیا اور شاہراہ کو ڈسٹ فری روڈ بنانے کے لئے گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگانے کے کام کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر مال روڈ کو ڈسٹ فری بنانے کے کام کا آغاز کردیا گیا، مال روڈ کو ڈسٹ فری بنانے کے کام کا جائزہ لینے کے لیے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کابینہ ارکان کے ہمراہ مال روڈ پہنچ گئے، محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے گرین بیلٹ پر معیاری گھاس لگانے کے عمل کا مشاہدہ کیا، انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو اس حوالے سے ہدایات دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دل لاہور کی مرکزی شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) کو ڈسٹ فری روڈ بنانے پر کام شروع کردیاگیاہے،مال روڈ کی گرین بیلٹس میں معیاری گھاس لگائی جا رہی ہے، درختوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کے لئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔
صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی پی ایچ اے اوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔