(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کو خوبصورت اور مسائل سے پاک کرنے کے لیے نئے نام کے ساتھ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
شہر لاہور کو خوبصورت بنانے کے لیے ایل ڈی اے کو نیا ٹاسک مل گیا، سوہنا لاہور، بیوٹیفکیشن آف لاہور ، دلکش لاہور، گرین لاہور کے بعد اب "سمارٹ لاہور" منصوبہ متعارف کروایا جائے گا، پنجاب حکومت کی ہدایت پر "سمارٹ لاہور" کے نام سے نئی ایپلی کیشن کی تیاری شروع کر دی گئی۔
ایل ڈی اے، واسا ،ٹیپا ، پی ایچ اے ،ایم سی ایل اور دیگر ادارے اس منصوبے کے تحت کام کریں گے،سٹیک ہولڈرز سمیت عام شہریوں کو "سمارٹ لاہور" ایپ کے ذریعے شکایات درج کرانے کی سہولت دی جائے گی۔
سمارٹ لاہورمنصوبے میں سڑکوں، فٹ پاتھوں کی مرمت ، واک کیز کی بہتری، پیڈیسٹرین پلوں کا کام کیا جائے گا، لاہور کے باسی سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق شکایات ایپ پر اپ لوڈ کر سکیں گے،غیر قانونی تعمیرات، قبضہ ، سرکاری املاک کو نقصان سے متعلق شکایات بھی درج کروائی جا سکیں گی۔
پارکوں کی حالت زار اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کی تصاویر بھی نئی ایپ میں اپ لوڈ کی جاسکیں گی،سمارٹ لاہور ایپ پر آنے والی شکایات کو حل کرنے کے لیے متعلقہ افسر کو ایک سے دس دن کا وقت دیا جائے گا۔