(لاہور نیوز) رحمت دو عالم، حضور پُرنور، حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی ولادت باسعادت کا دن، ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کرتی رہیں، مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا۔
ملک کے ہر کونے میں فضا معطر رہی اور سب نے اپنے اپنے انداز میں خاتم النبین، رحمۃ اللعالمین، وجۂ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت ؐ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔
دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اس کے علاوہ ولادت النبی ؐ کے حوالے سے ملک بھر میں جلوس و ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام مرکزی جلوس علامہ سید شاہ عبدالحق قادری اور دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
لاہور میں میلاد النبیؐ کا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہو کر مختلف راستوں پر گامزن ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوا، جشن عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے ملک بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔
پنجاب بھر میں بھی عیدِ میلاد النبیؐ کی تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے تھے۔