(لاہور نیوز) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور لیسکو حکام کی مبینہ غفلت کا ایک اور شاخسانہ، میٹرو اورنج لائن ٹرین کو تاحال بجلی کی مکمل سپلائی کا انتظام نہ کیا جاسکا۔
شہرِ لاہور کے میگا پراجیکٹ میٹرو اورنج لائن ٹرین منصوبہ میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور لیسکو حکام کی مبینہ غفلت سامنے آگئی، میٹرو اورنج لائن ٹرین کو تاحال بجلی کی سپلائی کا انتظام تاحال نامکمل ہے، ملتان روڈ پر بننے والے گرڈ سٹیشن پر بجلی کا بیک اپ ہی موجود نہیں جبکہ جنریٹرز بھی غیر فعال ہیں۔
اورنج ٹرین کو بجلی فراہم کرنے کے لیے گرِڈ سٹیشنز کی تعمیر نامکمل اور بجلی کے کنکشن بھی مکمل فراہم نہیں ہوسکے، جی ٹی روڈ پر بنے گرِڈ سٹیشن کو بجلی کے چار کنکشن مل سکے جبکہ مزید دو کنکشن درکار ہیں، ایل ڈی اے کی جانب سے گرڈ سٹیشن کا سول ورک تو مکمل کر دیا گیا ہے مگر لیسکو کے ساتھ باقی کنکشنز کی فراہمی سے متعلق معاملات طے نہیں پاسکے۔
اورنج ٹرین کو بجلی کی سپلائی دینے کے لیے گرڈ سٹیشن بھی مکمل فعال نہیں ہیں، آٹھ گرِڈ سٹیشنز کے بجائے اورنج ٹرین کو آپریشنل کرنے کے لیے چھ گرِڈ سٹیشن تعمیر کیے گئے، لیسکو نے دو گرِڈ سٹیشنز تعمیر کرنے کے لیے تاحال ٹینڈر ہی نہیں لگائے جبکہ چھ تعمیر ہونے والے گرِڈ سٹیشنز میں سے بھی ایک فنی خرابی کا شکار ہے۔
جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لیسکو کو باقی ماندہ دو گرِڈ سٹیشنز بھی فعال کرنے کی استدعا کی ہے۔