(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے خود کش دھماکے روح فرسا ہیں، ژوب میں سکیورٹی اداروں کی کارروائی نے دشمن کے حملے کو ناکام بنا دیا، ژوب میں سکیورٹی اداروں نے بتا دیا کہ ملک کا حفاظتی حصار ناقابل تسخیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردی کی کارروائیوں سے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، دھماکوں نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے، ڈی ایس پی نواز گشکوری شہید بہادر اور ویل "ڈیکوریٹڈ" افسر تھے، انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے روز شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم کو اس بہادر سپوت کی بہادری پر فخر ہے، دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ،استحکام پاکستان پارٹی اس دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ محافظان وطن دہشت گردی کے ان واقعات پر جلدی قابو پا لیں گے، استحکام پاکستان پارٹی کی لیڈر شپ دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔