(لاہور نیوز) ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کے 47 نئے مریض سامنے آ گئے۔
ڈینگی مچھر بدستور بے قابو ہے۔ لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 47 مریض رپورٹ ہوئے۔ صوبہ بھر میں ڈینگی کے 109 نئے مریض سامنے آ گئے۔ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے ایک ہزار 527 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 3 ہزار 786 ہو چکی ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 128 مریض زیر علاج ہیں۔ ضلع لاہور میں ڈینگی کے 45 مریض داخل ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے متحرک ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کے فیلڈ میں دورے جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی، کینٹ، رائیونڈ اور شالیمار نے اپنے علاقوں میں ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ رواں سال ایک لاکھ 2 ہزار 861 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔ انتظامی افسران ڈینگی سرویلنس اور ڈور مارکنگ کا سختی سے جائزہ لیں۔