(ویب ڈیسک) حساس اداروں نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے مافیا کے گھروں پر ایف آئی اے کی مدد سے چھاپے مارنے کی تیاری کر لی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا اگلا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے جس میں ذخیرہ کیے گئے ڈالرز کی برآمدگی کے لیے ایف آئی اے اور حساس ادارے اب گھروں پرچھاپے ماریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایکسچینج کمپنیز سے حاصل ڈیٹا کی مدد سے ملک بھر میں گھروں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حساس اداروں کو کریک ڈاؤن کے بعد مافیاز کے گھروں میں ڈالر ذخیرہ کرنے کی مستند اطلاعات ملی ہیں، حساس اداروں نے غیر معمولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی فہرست بھی حاصل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پرٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کریں گے جس کے بعد گھروں میں ڈالر چھپانے والوں کو گرفتاری اورجیل میں قید کی سزائیں ملیں گی۔
واضح رہے کہ ڈالر مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے اب تک ڈالر 31 روپے سستا ہوچکا ہے، یکم ستمبر کو ڈالر 328 روپے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی آئی ہے جس سے ڈالر 300 روپے سے نیچے آگیا ہے۔