(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے آٹزم بارے آگاہی مہم کا آغاز ہو گیا۔ آگاہی مہم ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
لبرٹی چوک میں آگاہی مہم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آٹزم کا شکار بچے، والدین، اے ایس پی شہربانو اور ٹریفک پولیس اہلکار بھی شریک ہوئے۔
سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز نے کہا کہ آگاہی مہم کا مقصد آٹزم کا شکار بچوں کے لیے ٹریفک میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ آگاہی مہم میں بچوں اور ان کے والدین کو خصوصی سٹیکرز دئیے جائیں گے۔ سٹیکرز کو دیکھتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکار بلاوجہ ان گاڑی اور موٹرسائیکل کو نہیں روکیں گے۔
تقریب میں شریک والدین کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے یہ ایک اچھا قدم اٹھایا گیا ہے کیونکہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں کہ آٹزم کیا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے آٹزم آگاہی مہم 18 ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔