(ویب ڈیسک) ایشیاکپ میں خراب پرفارمنس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جھگڑے کی افواہیں جھوٹ نکلیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ڈریسنگ روم میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔
ٹیم میٹنگ میں بابراعظم نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جس پر شاہین شاہ آفریدی نے بابر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی پیش کی وہ انکا اعتراف کریں، اس دوران مبینہ طور پر محمد رضوان نے صورت حال میں ثالث کا کردار نبھایا۔
اس حوالے سے ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی نے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی واحد توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی فکر نہیں ہے، میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے دینے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محض منفی قیاس آرائیاں ہیں۔