(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔
فردوس عاشق نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر ردعمل میں کہا پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام کو کانٹوں پر گھسیٹنے کے مترادف ہے، سوئی ہوئی عوام پر ایک بار پھر پٹرول بمباری کی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، نگران حکومت تمام مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرے۔
مرکزی سیکرٹری استحکام پارٹی نے مزید کہا عوام دوست فیصلوں سے ہی غریب عوام کا دل جیتا جا سکتا ہے، آئی پی پی کا منشور بنیادی عوامی مسائل کے حل کا فارمولا ہے، صرف آئی پی پی تین سو یونٹ فری بجلی اور آدھی قیمت پر پٹرول کی فراہمی کی دعویدار ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے استحکام پارٹی کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے، آئی پی پی ہی ملک میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی کا مشن لے کر آئی ہے۔