مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز مریم نواز سے ملاقات کیلئے جاتی امراء پہنچے جہاں مریم نواز نے خود ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مثبت، تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، قدرتی آفات اور ہر مشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا مخلصانہ ساتھ دیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات
— PMLN (@pmln_org) September 13, 2023
مریم نواز شریف نے رائیونڈ آمد پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا
ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
پاکستان اور آسٹریلیا… pic.twitter.com/avGMB6Juel
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل المدتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لائیں گے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی قیادت اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔