(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے بند تھیٹرز کو فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھر میں بند تھیٹرز کی بندش کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزیر ثقافت عامر میر نے وزیراعلیٰ پنجاب کو 150 برس پرانے ڈرامہ ایکٹ 1876 میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں بند تھیٹرز کو کھولنے کی اجازت دے دی، ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں آرٹ اور کلچر کے فروغ پر فوکس کیا جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر ثقافت عامر میر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا، ڈی آئی جی آپریشنز بلال صدیق کمیانہ اور ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے شرکت کی۔