(لاہور نیوز) روایتی ،ثقافتی کبڈی میچ نے ماحول گرما دیا۔ پنجاب پولیس نے پاکستان ریلوے کو شکست سے دو چار کیا۔
گادھی شاہ داروغہ والا میں 57 واں سالانہ چانٹے دار کبڈی میچ ہوا۔ کبڈی میچ پاکستان ریلوے اور پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں کے مابین کھیلا گیا۔ رہنما مسلم لیگ ن علی عدنان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پھرتی ، طاقت اور تھپڑوں کے وار سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔
پنجاب پولیس ٹیم نے پاکستان ریلوے کو 18 کے مقابلے 20 پوائنٹس سے شکست دی۔ زیادہ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان ریلوے کے محمد اختر خان مین آف دی میچ قرار پائے۔
صدر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن چودھری نعمان مجید، میچ کے منتظمین سرپرست اعلیٰ چودھری عبدالمجید اور چودھری افتخار احمد کی جانب سے روایتی کھیل کے شاندار انعقاد کو دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سراہا۔
مہمان خصوصی چودھری علی عدنان کی جانب سے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔