(لاہور نیوز) ایشیا کپ کا دوسرا پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ بھی بارش سے متاثر ہو گیا جس کے بعد میچ کو ریزرو ڈے تک ملتوی کیا گیا ہے، میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے دوبارہ شروع ہو گا۔
ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم اور بڑے میچ کے دوران ایک مرتبہ پھر اس وقت بارش شروع ہو گئی جب بھارت کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 25 ویں اوور کی پہلی بال پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا چکی تھی۔
امپائرز نے کئی بار گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن گراؤنڈ کی کنڈیشن بہتر نہ ہونے پر میچ کو ریزرو ڈے تک ملتوی کر دیا گیا، میچ آج وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے روکا گیا تھا، بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں تاہم آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 121 رنز کا آغاز فراہم کیا، شبمن گل 58 اور روہت شرما 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شبمن گل کو میچ میں دو چانس بھی ملے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔