(لاہور نیوز) شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ میٹرو بس کو حادثہ جنازگاہ سٹیشن کے قریب پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹرو بس ٹریک پر جنگلے کے ٹوٹے لوہے کے راڈ سے ٹکرا گئی۔ ٹریک پر آیا ہوا لوہے کا ٹوٹا راڈ حفاظتی جنگلے کا تھا۔ راڈ سے ٹکراتے ہی بس بے قابو ہو کر حفاظتی جنگلے سے جا لگی۔ میٹرو بس کے حادثے میں آٹھ خواتین زخمی ہوئیں۔ زخمی خواتین کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ماضی میں بھی لاہور میں ٹرانسپورٹ کا میگا پراجیکٹ تکنیکی خرابیوں کا شکار رہا ہے۔ میٹرو بسوں کے انجن "جواب" دے گئے، بیشتر تکنیکی خرابیوں کا شکار ہیں، شاہدرہ سے گجومتہ چلنے والی میٹرو بس کا مکمل سکواڈ نہیں چلایا جا رہا۔ میٹرو ٹریک پر چلنے والی 64 میں سے 23 بسیں تکنیکی اور حادثے کے سبب خراب ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 28 مرتبہ بسیں خراب ہونے کے واقعات رونما ہوئے۔
میٹرو ٹریک پر چلنے والی 9 بسیں خراب ہو کر نشتر ٹاؤن بس ڈپو میں کھڑی کر دی گئیں۔ ویڈا میزا کمپنی کی بس نمبر میٹرو 19 کا انجن فیل ہو چکا ہے، میٹرو بس نمبر 16 حادثے کے سبب میٹرو ڈپو میں کھڑی کر دی گئی ہے۔ بس میں تکنیکی خرابی آنے سے میٹرو بس نمبر 47 حادثے کا شکار ہو چکی ہے۔ میٹرو بس نمبر 47 کے حادثے کی تاحال انکوائری رپورٹ نہیں بن سکی۔
قذافی سٹیڈیم سٹیشن کے قریب بس میں آگ بجھانے والے سلنڈر سے گیس کی لیکج ہوئی تھی۔ میٹرو بس کے خود کار دروازے بھی گیس لیکج کی وجہ سے بند ہو گئے تھے۔ گیس بھرنے کے بعد مسافر اور بس عملہ نے میٹرو بس کا شیشہ توڑا۔ شیشہ توڑ کر بس میں بھری جانے والے گیس کا اخراج کیا گیا تھا۔ تکنیکی خرابی کا شکار ہونے والی بس کو میٹرو بس نشتر ٹاؤن ڈپو بھیج دیا گیا تھا۔ ویڈا میزا کمپنی کی بس نمبر 24 ٹریک پر چلتے ہوئے تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی۔ میٹرو بس نمبر 34، 38 اور 19 کے خراب ہونے کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔