(لاہور نیوز) گزشتہ کاروباری ہفتے میں ڈالر دھواں دھار اننگز کھیلتا رہا اور 332 پر ناٹ آؤٹ ہے جبکہ روپے کی پستیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈالر کے مقابلے روپیہ نہ سنبھل سکا،پاکستانی روپیہ ہر روز نئی کم ترین حد تک پہنچ رہا ہے، بینکوں سے صارفین کی ڈالر طلب پوری نہیں ہو پا رہی جبکہ اوپن مارکیٹ سے ڈالر غائب ہوتا چلا جارہا ہے۔
گزشتہ کاروباری ہفتہ میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 332 روپے تک پہنچ گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 15 روپے تک اضافہ ہوا، کاروباری ہفتے کے آغاز پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ 317 روپے تھا، ہفتہ بھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب بڑھتی رہی۔
ادھرانٹر بینک میں ڈالر کے ریٹ میں 4 روپے 47 پیسے کا اضافہ ہوا،کاروباری ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر ریٹ 305 روپے 47 پیسے تک پہنچ گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک اور دیگر بینک صارفین کی ڈالرطلب پوری نہیں کر پا رہے، اوپن مارکیٹ میں خریداری بڑھنے سے ڈالر کی قلت ہوتی جارہی ہے، ڈالر کی طلب اور رسد کا فرق غیر معمولی تیزی کا باعث بن رہا ہے، اوپن مارکیٹ میں مزید تیزی کے امکان پرڈالر ہولڈ بھی کیا جا رہا ہے۔