(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کی براہ راست ٹیکسوں کی وصولیوں میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023 میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 3.272 ٹریلین روپے کی محصولات حاصل ہوئیں جو مالی سال 2022 کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2022 میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 2.280 ٹریلین روپے کی محصولات حاصل ہوئیں، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ایف بی آر کو براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 963 ارب روپے حاصل ہوئے جو مالی سال 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2022 کی آخری سہ ماہی میں براہ راست ٹیکسوں کی مد میں ایف بی آر کو 702 ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر کے محاصل میں سالانہ بنیادوں پر17 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی مجموعی محصولات کا حجم 7.169 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2022 میں 6.143 ٹریلین روپے تھا۔