(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو اٹک جیل میں بیٹر کلاس فراہم کرنے کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کی فرمائش پر دیسی گھی میں تیار کردہ دیسی مرغ اور بکرے کا گوشت بھی دیا جاتا ہے، سابق وزیراعظم کی فرمائش پر انہیں ان کی پسند کی اشیاء رقم کی ادائیگی پر فراہم کی جاتی ہیں۔
اٹارنی جنرل آفس کی تیار کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو جیل کے سامنے کاریڈور میں چہل قدمی کی اجازت ہے۔
اٹارنی جنرل آفس نے یہ رپورٹ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کو پیش کی ہے، خیال رہے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سربراہ پاکستان تحریک انصاف کی جیل میں حالت کے حوالے سے رپورٹ گزشتہ ہفتے طلب کی تھی۔