(ویب ڈیسک) کیلا ایک لذیذ اور نسبتاً سستا پھل ہے ساتھ ہی ساتھ اس میں کسی خزانے کی مانند بے تحاشا فوائد چھپے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر کیلے کو روزمرہ خوراک میں شامل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
کیلے میں پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی سکس، فائبر کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے جبکہ اس میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں جبکہ یہ اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہوتے ہیں۔
اسی طرح یہ نظام انہضام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دل کی صحت کیلئے بھی مفید ہیں۔
وٹامن سی، وٹامن بی سکس اور پوٹاشیم بالوں اور جلد کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وٹامن سی جھریوں سے بچاتا ہے، اسی طرح وٹامن بی میلانن ذرات کو متحرک کرتا ہے جو بالوں اور جلد کی رنگت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پوٹاشیم جلد میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہی وہ چیز ہے جو بالوں کی نشوونما میں مدد دیتی ہے، اس سے بال ملائم ہوجاتے ہیں اور ٹوٹنے سے محفوظ رہتے ہیں۔
مجموعی طور پر کیلا صحت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی ظاہری شخصیت کو بہتر بنانے میں بھی اہم ہوتا ہے۔
صحت بخش اجزاء سے بھرپور
کیلے میں پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی سکس اور فائبر کے ساتھ ساتھ میگنیشم بھی پایا جاتا ہے اور یہ تمام اجزاء پورے جسم کی صحت کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
دل کیلئے مفید
کیلے میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جس کو دل کی صحت بہتر رکھنے کیلئے اہم سجھا جاتا ہے اس کی بدولت بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے اور دل کی کارکردگی بھی معمول پر رہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلے کھانے سے دل کے امراض کے خطرات کم ہوتے ہیں اور دل کے دورے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
نظام انہضام میں بہتری
کیلے میں موجود اعلیٰ فائبر کی بدولت نظام انہضام بہتر رہتا ہے، اس سے قبض کو روکنے میں مدد ملتی ہے جبکہ غذا ہضم ہونے کے حوالے سے دوسرے چھوٹے موٹے مسائل بھی حل ہوجاتے ہیں اور گیس کی شکایت بھی نہیں رہتی۔
تناؤ میں کمی کا ذریعہ
چونکہ کیلے میں ٹریپٹوفان پایا جاتا ہے جسے جسم سیروٹوفن میں تبدیل کر دیتا ہے اور یہ وہ چیز ہے جو انسان کے موڈ پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہے اور اس سے طبیعت میں خوشگواری محسوس ہوتی ہے اور تناؤ میں کمی آتی ہے۔ اس لئے ماہرین کہتے ہیں کہ جو لوگ کیلے کھاتے ہیں وہ خوشگوار موڈ میں رہتے ہیں۔
وزن کے معاملے میں بھی مددگار
میٹھا ہونے کے باوجود کیلا دوسرے پھلوں کے مقابلے میں اپنے اندر بہت کم کیلوریز رکھتا ہے، اس لئے وزن کے معاملے میں بھی اس کو بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح اس میں چونکہ فائبر پایا جاتا ہے جس سے آپ کو زیادہ دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا اور انسان غیرضروری اشیاء کھانے سے بچا رہتا ہے۔
تھکاوٹ سے بچائے
کیلا جسم کو بھرپور توانائی دیتا ہے، اس میں کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ ورزش کرنے سے قبل کیلے کھانے سے نتائج میں بہتری آتی ہے اس طرح دن کے وقت کیلے کھانے سے تھکاوٹ کیخلاف مدافعت پیدا ہوتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
کیلے میں میگنیشم اور پوٹاشیم بھی پایا جاتا ہے جو کہ ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیلوں کا باقاعدہ استعمال ہڈیوں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے اور اوسٹیوپورسس کو روکتا ہے۔
قوت مدافعت کیلئے مددگار
کیلے وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں جس کو قوت مدافعت میں اہم حیثیت حاصل ہے اور یہ قوت مدافعت ہی ہوتی ہے جو آپ کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کیلا بہت سے فوائد رکھتا ہے تاہم ضروری ہے کہ اس کو توازن کے ساتھ استعمال کیا جائے اور اس کے ساتھ دوسرے پھلوں کا استعمال بھی رکھا جائے۔