(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے جاری خواتین کیمپ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پی سی بی گرینز نے پی سی بی وائٹس کو 84 رنز سے ہرا دیا۔
حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کے اوول گراؤنڈ میں پی سی بی گرینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں پر 284 رنز بنائے۔
بسمہ معروف نے سات چوکوں کی مدد سے 69، سدرہ امین نے نو چوکوں کی مدد سے 60 اور شوال ذوالفقار نے 59 رنز سکور کیے، پی سی بی وائٹس کی جانب سے فاطمہ ثنا ، سعدیہ اقبال اور غلام فاطمہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پی سی بی وائٹس 41.4 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عالیہ ریاض نے 72 رنز سکور کیے ۔ ان کی اننگز میں دس چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، سدرہ نواز نے 49 رنز بنائے۔
پی سی بی گرینز کی سپنر نشرہ سندھو نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔